Thursday, April 18, 2024

کرپشن میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس بجلی بن کر گری، فیاض چوہان

کرپشن میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس بجلی بن کر گری، فیاض چوہان
October 4, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا سر تا پا کرپشن میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس بجلی بن کر گری ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے ٹویٹ میں کہا وزیر اعظم کی آف شور کمپنیوں کا شور مچانے والوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑی۔ لیگی قیادت وقت سے پہلے لڈیاں ڈالنے اور الزام لگانے کی عادی ہے، عقل کی اندھی ن لیگی قیادت بغض عمران خان میں پھر ایکسپوز ہو گئی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا نارووال کے ارسطو احسن اقبال کو اب چلو بھر پانی لازمی تلاش کرنا چاہئے۔ ن لیگ نے پانامہ لیکس کے 7 ماہ بعد شدید ملک گیر احتجاج کے بعد تحقیقات شروع ہوئیں۔

فیاض الحسن کا مزید کہنا تھا وزیرِ اعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کے فوراً بعد مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ کرپشن ثابت ہونے پر سب کو سزا دینے کا اعلان عمران خان کی دلیرانہ قیادت کی مثال ہے۔