Tuesday, April 23, 2024

کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کا اظہارِافسوس

کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں کا اظہارِافسوس
October 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی اظہار افسوس کیا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا سب کو ہنسانے والا سب کو رلا گیا، عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ کہا کہ عمر شریف کا انتقال باعثِ صدمہ ہے، طنز و مزاح کا آفتاب آج غروب ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معروف کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ کہا کہ عمر شریف، تاعمر کروڑوں انسانوں کے چہروں پر خوشیاں اور مسکراہٹیں بکھیرنے کا باعث رہے، انکی فنی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ شاہ محمود نے مرحوم کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی اظہار تعزیت اور مرحوم کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا، کہا کہ ساری دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کواداس کر کے چلا گیا۔ پاکستان شوبز کا ایک بڑا نام آج گل ہوگیا، کہا کہ عمر شریف کا نام اپنے فن سے ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔ شیخ رشید احمد نے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور عمر شریف کے بلندی درجات کے لئے دعا کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا، ‏عمر بھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنے فنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیا اور ثابت کیا کہ ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنے والی قوم ہیں۔ مزید کہا عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔

گورنر پبجاب چودھری محمد سرور نے نامور کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر ویڈیو پیغام میں کہا عمرشریف جیسے فنکار صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، ان کے انتقال سے پیدا ہونیوالا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔ عمرشریف کی شعبہ فن کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، سوگوار خاندان کو یہ صدمہ ہمت و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ کہا کہ عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی۔ غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے۔ وہ فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے۔

وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا عمر شریف کا خلا پُر نہیں کیا جا سکتا۔ چودھری پرویز الہٰی نے بطور وزیراعلیٰ گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی عمر شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔