Friday, April 26, 2024

عمر شریف کے انتقال پر پاکستانی ہی نہیں بھارتی بھی رنجیدہ ہیں، بھارتی فنکار

عمر شریف کے انتقال پر پاکستانی ہی نہیں بھارتی بھی رنجیدہ ہیں، بھارتی فنکار
October 2, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کا انتقال بھارتی مداحوں سمیت اداکاروں کو بھی افسردہ کرگیا۔ بھارتی فنکاروں نے کہا عمر شریف کے انتقال پر پاکستانی ہی نہیں بھارتی بھی رنجیدہ ہیں۔

بھارتی کامیڈین اداکار جونی لیور نے 92 نیوز سے گفتگو میں کہا عمر شریف بہت زبردست آرٹسٹ تھے، قدرتی طور پر مضبوط ایکٹر تھے، عمر شریف کا سینس آف ہیومر ناقابل یقین تھا۔ کہا کہ عمر شریف کی کمی کوئی پوری نہیں کرسکتا، عمر شریف کے ساتھ ملاقات ہوئی اور گپ شپ بھی ہوتی رہتی تھی۔ ان سے جب بھی بات ہوئی بڑا آدمی محسوس ہوا۔ انکی سوچ بہت بڑی تھی، متاثر کن شخصیت کے مالک تھے۔

بھارتی اداکار رضا مراد نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمر شریف صاحب کے انتقال کی خبر سن کر ہم رنجیدہ ہیں، دل بہت افسردہ ہے۔ کہا کہ ایسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کا انتقال ایک سانحہ ہے جس شخص نے اداس زندگیوں میں خوشیاں اور قہقہے بکھیرے آج وہ جدا ہو گئے۔ مزید کہا کہ زندگی کا سوال ہے تو زندگی صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے اور وہی ہمیں واپس بلا لیتے ہیں، خدا انہیں غریق رحمت فرمائے۔

بھارت کے معروف کامیڈین کَپل شرما نے اظہار افسوس کیا، کَپل شرما نے سوشل میڈیا پر لکھا الوداع لیجنڈ۔ بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے ویڈیو پیغام میں کہا باکمال ایکٹر عمرشریف کی موت دکھ کی خبرہے، پرستار آپ کو ایک عرصے تک یاد رکھیں گے۔

بھارت کے کامیڈین راجو شری واستو نے عمر شریف کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا ’’ عمر شریف  گاڈ گفٹڈ اداکار تھے،‘‘ کہا کہ عمر شریف کو کامیڈی کے لیے کسی اسپکرپٹ کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔ وہ نہ صرف اچھے فنکار بلکہ ایک بہترین انسان بھی تھے۔  جب بھی کسی شو میں دیکھا بغیر اسکرپٹ لوگوں کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کرتے دیکھا۔

بھارتی کامیڈین سنیل پال نے کہا عمر بھائی کے جانے کا دکھ پاکستان، ہندوستان دونوں جگہوں پر ہے۔ عمر شریف مجھ جیسے چھوٹے فنکار کو بہت پیار کرتے تھے، بھارت آئے تو میرے گھر پر بھی آئے جہاں بیٹھتے ماحول بنا دیتے تھے۔ ان کی سنگت میں چھوٹا فنکار بھی خود کو بڑا سمجھنے لگتا تھا، ایک اچھے شاگرد اور استاد بہت بڑے تھے۔ حساس فنکار جب بھی معین اختر کا ذکر کرتے روپڑتے، اپنی والدہ کے ذکر پر بھی افسردہ ہوجاتے تھے۔