Thursday, April 25, 2024

لیویز ٹیکس میں اضافہ سے پٹرول 150 روپے فی لٹر ہوجاتا، فرخ حبیب

لیویز ٹیکس میں اضافہ سے پٹرول 150 روپے فی لٹر ہوجاتا، فرخ حبیب
October 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کہتے ہیں حکومت لیویز ٹیکس میں اضافہ کرتی تو پٹرول 150 روپے فی لٹر ہوجاتا۔

فرخ حبیب نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسحاق ڈار پٹرول پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لیتے تھے، ہم نے سیلز ٹیکس کم کردیا ہے۔ وزیرمملکت نے مہنگائی کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری قرار دے دی۔

اُنہوں نے کہا پنجاب میں سرکاری گندم ریلیز کی قیمت 1,950 روپے اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1100 ہے جبکہ سندھ میں 13 سال سے آج تک سرکاری گندم ریلیز نہیں کی یہ پی پی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کہا کہ حکومت غذائی تحفظ پر کام کررہی ہے، خوراک سے زراعت پروگرام کے ذریعے پیدواربڑھائیں گے۔ پوٹھوہار، وزیرستان، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زیتون کی پیدوار بڑھا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لئے 10 نئے ڈیمز پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا اور ایک کروڑ 80 لاکھ ایکٹر اراضی سیراب ہوگی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات بولے کہ یواین ایف اے او رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر رواں سال سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم سے کم عوام پر منتقل کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لئے سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی میں بتدریج کمی کی گئی۔ اپوزیشن تنقید برائے تنقید کے ساتھ حقائق بھی بیان کرے۔

فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں 1211 ارب ہدف کے مقابلے میں 186 ارب زائد ٹیکس وصولی کی۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، پنجاب اور سندھ کے پسماندہ علاقوں میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بلاسود قرض دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت 18 ہزار افراد کو 22 ارب فراہم کیے جا چکے ہیں۔ احساس پروگرام کا بجٹ 260 ارب کیا گیا، 50 ہزار طلباء کو سکالرشپ دیئے جائیں گے۔