Friday, April 19, 2024

مریم نواز نے ووٹ کی طاقت کو بیانیے کی طاقت قرار دیدیا

مریم نواز نے ووٹ کی طاقت کو بیانیے کی طاقت قرار دیدیا
September 30, 2021 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ووٹ کی طاقت کو بیانیے کی طاقت قرار دیدیا۔ 

ن لیگ فیصل آباد ڈویژن کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا مخالفین کو ادراک ہے کہ ن لیگ کی طاقت خدمت کی طاقت بھی ہے، لیکن ن لیگ والوں کو اس کا ادراک نہیں، کیونکہ مسلم لیگ میں آج بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو ہم سے اور ہم ان سےخوفزدہ ہیں۔

اُنہوں نے کہا مزاحمت اور مفاہمت میں کنفیوژن صرف دشمن کی طرف سے پلان کی جاتی ہے، کیا یہ بیانیہ ہے کہ آپ ظلم بھی سہیں اور برے کو برا بھی نہ کہیں؟۔ یہ ہمیں ہمارے لیڈر سے علیحدہ نہیں کرسکتے، جماعت کو نہیں توڑ سکتے۔

مریم نواز نے کہا عمران خان کا کوئی بیان اٹھالیں وہ بھیک مانگتا نظر آئے گا، عمران خان دنیا کو کہتا ہے کورونا آیا ہے پاکستان کی مدد کرو۔ نالائقی کی وجہ سے معاشی بحران آتا ہے تو دنیا سے ایک ارب 50کروڑ ڈالر مانگتا ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن بولیں کہ آج سے پہلے عوام کو کبھی لگا کہ ان کو ووٹ چوری کرکے ان کی بے عزتی کی گئی؟۔ آج عوام کورونا سے نکلتے ہیں تو ڈینگی میں پھنس جاتے ہیں۔ شہبازشریف وزیراعلیٰ ہوتے تو پنجاب میں نہ ڈینگی ہوتا نہ کورونا، لوگوں نے حکومت کیخلاف سڑکوں پر بینرز لگا دیئے ہیں، جن پر لکھا ہے”آگے بڑھو ڈینگی سے خود مرو“، حکومت کا حال یہ ہے کہ جاگدے رینا ساڈے تے نہ رہنا۔