Thursday, April 25, 2024

حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر

حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر
September 28, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ جید علمائے کرام نے ایمان افروز بیانات سے زائرین کے دلوں کو منور کیا۔ قومی محفل نعت کی اختتامی تقریب کے بعد اجتماعی دعا ہوئی۔

حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے تینوں دن پرنور روحانی محافل سجائی گئیں جس میں جید علمائے کرام اور مختلف سلسلوں کے سجادہ نشین شریک ہوئے۔

عرس کے تیسرے روزملک بھر سےعقیدت مندوں کی حاضری عروج پر رہی۔ صبح سے رات تک روحانی اجتماعات، جید علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات ہوئے۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی،دیوان مسعود چشتی ،مولانا حافظ اللہ شاہ مہروی نے زائرین کے دلوں کو گرمایا۔ مفتی قاسم فیضی، ڈاکٹر سلطان سکندر ،مولانا صدیق ہزاروی اور دیگر نے خطاب کیا۔ نعت خوانوں نے عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

محفل سماع میں نامور قوالوں نے صوفیائے کرام کا کلام پیش کیا اور سماں باندھ دیا۔ عقیدت مندوں کا کہنا تھا کہ داتادربار پر آکر روحانی سکون ملتا ہے۔

انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے زائرین کے لیے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔ زائرین کے لیے دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئیں۔ لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب تھے۔

حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؒ کے 978 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ قومی محفل نعت کی اختتامی تقریب کے بعد اجتماعی دعا کروائی گئی۔