Tuesday, April 23, 2024

پاکستان پر اس وقت کامیڈی تھیٹر کی حکومت ہے، احسن اقبال

پاکستان پر اس وقت کامیڈی تھیٹر کی حکومت ہے، احسن اقبال
September 26, 2021 ویب ڈیسک

نارووال (92 نیوز) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے پاکستان پر اس وقت کامیڈی تھیٹر کی حکومت ہے۔ ہر روز نیا لطیفہ چھوڑتے ہیں۔

 احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ضروری تھا جنرل اسمبلی میں وزیراعظم ورچوئل خطاب کی بجائے خود وہاں جاتے۔ وزیراعظم گھر بیٹھے رہے،جنرل اسمبلی کا میدان خالی چھوڑ دیا گیا۔ قوم یہ جاننا چاہتی ہے وزیراعظم نے جنرل اسمبلی کا سفر کیوں نہ کیا؟ کیا یہ اس لیے نہیں کہ وہاں کسی عالمی رہنما نے ملاقات کا وقت نہیں دیا؟

 سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال بولے حکومت روپے کی قدر کو سنبھالنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ آج گھر کا ہر سربراہ پریشان ہے کہ گھر کا چولہا کیسے جلائے۔ وزیراعظم کہتا ہے میں نے تین سال سیکھنے میں لگا دیے۔ میں تو پہلے ہی کہتا تھا یہ اناڑی ہے۔ یہ ملک کا ستیاناس تو کر سکتا ہے چلا نہیں سکتا۔

 احسن اقبال نے کہا پاکستان پر اس وقت کامیڈی تھیٹر کی حکومت ہے۔ وزیر اور ترجمان ہر روز نیا لطیفہ چھوڑتے ہیں۔ یہ الیکشن میں کیا کارکردگی لے کر جائیں گے؟ کیا عوام کو یہ بتائیں گے کہ ہم نے اپوزیشن پر جھوٹے کیس بنائے،نیب گردہ کی؟ یہ کہتے ہیں نیب چیئرمین کے لیے اپوزیشن لیڈر سے بات نہیں کرنی کیونکہ ان پر نیب کیسز ہیں۔ اگر ایسا ہے تو پھر تو وزیراعظم پر بھی نیب کیسز ہیں۔ اصل میں یہ اپنے کسی چمچے کڑچھے کو نیب چیئرمین بنا کر سیاسی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔