Thursday, March 28, 2024

بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مُراد سعید

بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، مُراد سعید
September 26, 2021 ویب ڈیسک

کوئٹہ (92 نیوز) وفاقی وزیر مُراد سعید کہتے ہیں بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ 

وفاقی وزیر مواصلات نے بلوچستان میں شروع کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی حکومت نے مغربی روٹ سی پیک کی نہ صرف منظوری دی بلکہ ژوب، کچلاک منصوبے سے اس کا آغاز کیا۔ خضدار شاہراہ بھی اس سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گی۔ کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس منصوبے کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے اور اہلِ بلوچستان کے معاملات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ماضی میں سڑکیں بنانے کا دعویٰ کرنیوالی حکومتوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا۔

اُن کا کہنا تھا ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ بلوچستان  ایک خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ ہو۔ عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، روزگار اور کاروبار کی تمام سہولیات یکساں میسر ہوں۔ یہاں کے عوام ان تبدیلیوں کا خود بھی مشاہدہ کررہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا جل جو بیلہ منصوبے کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے رکھیں گے۔ چمن، کوئٹہ، خضدار منصوبے کے ایک سیکشن کی پروکیورمینٹ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ دونوں سیکشن بی او ٹی کے تحت مکمل ہوں گے، ان منصوبوں سے بلوچستان میں فاصلے کم اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا شاہراہوں کی تعمیر و توسیع سے سی پیک کے ذریعے پورے خطے میں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔