Friday, March 29, 2024

ڈالر 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، بجلی، پٹرول، خام مال کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ

ڈالر 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، بجلی، پٹرول، خام مال کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ
September 25, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ڈالر کی اڑان رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی، پانچ ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت 17 روپے 52 پیسے بڑھ چکی ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی، پٹرول، خام مال کی قیمتیں بھی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، مہنگائی کی نئی لہر آئے گی۔

 اسٹیٹ بینک کے اقدامات بھی کارگرثابت نہیں ہورہے، پانچ ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر17روپے 52 پیسے مہنگا ہوگیا۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 169 روپے 8 پیسے تک جا پہنچی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 171 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

معاشی ماہرین نے ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ تجارتی خسارہ قرار دیا ہے۔ ڈالر کی پڑوسی ملک اسمگلنگ بھی روپے کو کمزور کررہی ہے
ڈالر کی قیمتوں نے مہنگائی کی نئی لہر کا بھی عندیہ دے دیا۔ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، خام مال، مشینری اور پرزے مہنگے ہوجائیں گے۔

چند روز میں امپورٹ پرائس اور نئی قیمتوں کی فہرستیں تیار ہوجائیں گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نئے امپورٹ آرڈرز سے طے کی جائیں گی۔ اسٹیٹ بینک نے امپورٹڈ گاڑیوں کے لئے قرضوں کا اجرا روک دیا۔ ایف بی آر کو بھی ٹارگٹس سامنے رکھ کر نئی ایڈجسٹمنٹ کا کہہ دیا گیا۔

ڈالر چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی یکم اکتوبر سے پہلے آنے کا امکان ہے۔ بیرون ملک سے ڈالر کی پاکستان ترسیل کے دروازے کھولنے پر کام شروع کر دیا گیا۔

ادھردوسری جانب عالمی بازار میں سونا 2 ڈالر فی اونس سستا ہوگیا جبکہ پاکستان میں فی تولہ قیمت 200 روپے بڑھ گئی۔ مقامی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 13 ہزار 500 روپے مقرر کردی گئی۔