Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان
September 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جنرل اسمبلی میں ورچوئل خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھا دیا۔ انہوں نے کہا بھارت میں 20 کروڑ مسلمانوں سے بدترین سلوک کیا جا رہا ہے ۔ آر ایس ایس رجیم انتہاپسندی کو پروان چڑھا رہی ہے۔ گائے کے رکھوالے مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ سید علی گیلانی کی تدفین شہدا قبرستان میں کرانے کا مطالبہ کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا اسلاموفوبیا کے خلاف سب کو مل کر لڑنا ہو گا۔ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا گیا جس سے انتہا پسندی بڑھی۔ افغان جنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ افغانستان کے حالات پر امریکا اور یورپ کے بعض لوگ پاکستان پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ دنیا تجزیہ کرے تو معلوم ہو جائے گا طالبان کی کامیابی کی وجہ پاکستان نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب میں کہنا تھا پاکستان کورونا وبا سے نمٹنے میں تاحال کامیاب رہا ہے ۔ وبا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کیا جائے ۔ دنیا کو کورونا، معیشت اور ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ پاکستان ماحولیاتی تحفظ کے لیے انقلابی اقدام اٹھا رہا ہے۔