Friday, March 29, 2024

کراچی، مون سون کا چوتھا اسپیل، بادل برستے ہی سڑکوں پر پانی جمع

کراچی، مون سون کا چوتھا اسپیل، بادل برستے ہی سڑکوں پر پانی جمع
September 23, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں مون سون کا چوتھا اسپیل داخل ہوگیا، بادل برستے ہی بیشتر مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پھنس گئیں۔

ایک بار پھر سندھ حکومت کے بڑے بڑے دعوے برساتی پانی میں بہہ گئے، شہرقائد میں مون سون کا چوتھا اسپیل داخل ہونے سے جل تھل ایک ہو گیا، چند منٹوں کی بارش نے پورے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔ سڑکیں تالاب بن گئیں، اہم چورنگیاں ڈوب گئیں، سڑکوں پر شہریوں کا چلنا بھی مشکل ہو گیا۔

شہرقائد کے علاقوں نیو سبزی منڈی، نیو کراچی، ناظم آباد، سرجانی اور سہراب گوٹھ میں تیز بارش ہوئی۔ ادھر ملیر، ناگن چورنگی، قائد آباد، سعود آباد، ناظم آباد، جناح ٹرمینل، اولڈایئرپورٹ سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

کے الیکٹرک کے متعدد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں بارش کے بعد ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، کہتے ہیں اربن فلڈنگ حقیقت ہے، پچھلے دنوں لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کی صورتحال سب کے سامنے ہے، بلیم گیم سے نکلنا ہوگا۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل نے بھی ناگن چورنگی کا دورہ کیا، بولے کہ کراچی والے مرتضیٰ وہاب کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ دوسری جانب خرم شیر زمان نے کہا آدھے گھنٹے کی بارش نے کراچی کی حالت ابتر کردی۔