Friday, April 19, 2024

وفاقی کابینہ، سرکاری ملازمین کے ہاؤس الاؤنس میں 44 فیصد اضافہ

وفاقی کابینہ، سرکاری ملازمین کے ہاؤس الاؤنس میں 44 فیصد اضافہ
September 21, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازموں کے ہاؤس الاؤنس میں 44 فیصد اضافہ کردیا۔ ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ سوشل میڈیا سے متعلق قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ، ایک سے 22 گریڈ ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا، ازبکستان کو بزنس ویزہ لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا، کابینہ میں الیکشن کمیشن کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی، ساتویں مردم شماری کو جدید ٹیکنالوجی کے تحت 18 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں، اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

فواد چودھری نے کہا، ہائبرڈ وار اور فیک نیوز ایک دوسرے سے باہم منسلک ہیں، ابسلوٹلی ناٹ کی قیمت دینا پڑتی ہے،کرکٹ ٹیموں کے خلاف قانونی کارروائی پر مشاورت کریں گے۔ کرکٹ سیریز منسوخ ہونے سے صرف پی ٹی وی کو کروڑوں کا نقصان ہوا، کرکٹ سیریز کی منسوخی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا، سمندر پار پاکستانی ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، پورے ملک میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران صرف ایک پولیو کیس سامنے آیا، ہم پولیو فری سٹیٹ بننے کی جانب گامزن ہیں۔

وزیرِاطلاعات نے کہا، ارکان پارلیمنٹ کو ان کمیٹیوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے جہاں مفادات کا ٹکراؤ ہو۔ مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون سازی لائیں گے۔ پارلیمانی اُمور کی وزارت مفادات سے ٹکراؤ سے متعلق چیئرمین سینٹ اور سپیکر کو خط لکھے گی۔

انہوں نے کہا، کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم تیار ہے، اپوزیشن قومی ایشوز کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔ اگر پیسے بچانے کی یقین دہانی کرا دی جائے تو سب سیاست سے ہی ریٹائر ہو جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا، کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر تفصیل سے بات ہوئی، پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا میں سب سے کم ہیں۔ گیس میں خودکفیل ملک قطر سے بھی پاکستان میں گیس کی قیمتیں کم ہیں۔ پاکستان میں عوام کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے، تنخواہ دار طبقے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، دیگر شعبوں میں آمدن بڑھی ہے۔

فواد چودھری نے کہا سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف قانون سازی کر رہے ہیں۔ سینما کے شعبے کی ترقی کیلئے علاقائی ممالک سے فلموں کی نمائش کی اجازت اور مختلف مراعات دے رہے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا، اسلام آباد میں اے ڈی آر نظام کو متعارف کرا رہے ہیں۔ اے ڈی آر کے تحت سب سے پہلے خاندانی تنازعات کو حل کیا جائے گا۔