Saturday, April 20, 2024

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیرآب

لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیرآب
September 21, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

صوبائی دارلحکومت لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔

مصری شاہ ، چاہ میراں، شاد باغ، ریلوے اسٹیشن، راوی روڈ، شاہدرہ سمیت ملحقہ علاقوں میں بادل خوب برسے۔ بارش کے باعث فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ قصور، خوشاب، سرگودھا میں بھی بارش ہوئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری سمیت بالائی علاقوں میں بھی ابرکرم کھل کر برسا۔

پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چائینہ اسکیم ، لکشمی چوک، تاج پور گلشن راوی کے علاقے بھی ندی نالے کا منظر پیش کرتے رہے۔ گلی محلوں میں بارش کا پانی کھڑا ہو جانے سے اہل علاقہ، رکشہ و موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مغلپورہ ،چوک ناخدا ،فرخ آباد، جیل روڈ مال روڈ، شاہدرہ، بادامی باغ اور مزنگ کےاطراف میں بھی بادل کھل کر برسے۔

موسلا دھار بارش سے جہاں شہر کا موسم خوشگوار ہوا وہیں نشیبی علاقے میں پانی کھڑا ہو جانے سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سندھ میں جمعرات سے ہفتہ تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آج سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔