Friday, March 29, 2024

کثیر القومی مشق، برائٹ سٹار 2021، مصر میں اختتام پذیر

کثیر القومی مشق، برائٹ سٹار 2021، مصر میں اختتام پذیر
September 19, 2021 Reuters

راولپنڈی (92 نیوز) کثیر القومی مشق، برائٹ سٹار 2021، مصر میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق مشق میں پاکستان، مصر، امریکا، سعودی عرب، برطانیہ ،اٹلی، فرانس سمیت 20 ممالک شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مصر کی محمد نجیب ملٹری بیس پر کثیر الملکی فوجی مشقوں برائٹ اسٹار2021ء کا انعقاد کیا گیا، دو ہفتے تک جاری رہنے والی کثیرالقومی مشقوں میں 20 ممالک نے حصہ لیا، جن میں مصر، امریکا، پاکستان،، سعودی عرب، برطانیہ، یو اے ای، عراق، فرانس، بحرین، کینیا، کویت اور یونان سمیت دیگر ممالک شامل تھے۔

پاکستانی دستہ آرمی، نیوی اور فضائیہ کے جوانوں اور اثاثوں پر مشتمل تھا، تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مشقوں میں 2009ء کے بعد پہلی بار شرکت کی ہے، اختتامی تقریب میں انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز شریک ہوئے۔

2 ہفتے جاری رہنے والی مشقوں میں علاقائی خطرات سے مل کر نمٹنے کی مشقیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ علاقائی تعاون بڑھانے کے پہلوؤں پر بھی مشقیں کی گئیں، جس کے دوران میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز، جوائنٹ فورس اور کمبائنڈ فورس آپریشنز کئے گئے۔

مصر کے وزیر دفاع کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی اور یو ایس سینٹ کام سمیت شریک بیس ممالک کے حکام بھی موجود تھے، اختتامی مرحلے میں جنگی جہازوں، ہیلی کاپٹر، ٹینکوں اور مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ برائٹ اسٹار مشقیں 1980ء سے ایک تسلسل کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے، لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز کی مصری چیف آف اسٹاف اور ایئر کمانڈر سے ملاقات بھی ہوئی۔