Thursday, April 18, 2024

گرین لائن منصوبہ، چین کے پورٹ سے 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی

گرین لائن منصوبہ، چین کے پورٹ سے 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی
September 18, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی والوں کے لیے خوشخبری ہے، ٹرانسپورٹ کا نظام بہترہونے کی امید روشن ہوگئی، ماس ٹرانزٹ کا سب سے بڑا منصوبہ گرین لائن کا پہلا فیز فعال کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئیں، چین کے پورٹ سے 40 بسیں آج کراچی پہنچیں گی۔

ٹرانسپورٹ کی قلت کا شکار کراچی والوں کا صبرآزماانتظارختم ہونے کو ہے۔ شہرِقائد کا سب سے بڑاماس ٹرانزٹ منصوبہ گرین لائن کا پہلا فیز فعال کرنے کی تیاریاں شروع ہوگئی۔ 80 میں سے 40 بسیں چین کے پورٹ سے ہفتے کی شب کراچی پہنچ رہی ہیں۔

ان بسوں کی آمد پر سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے اتوار کو باقاعدہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ، وفاقی وزیر اسد عمر ، علی زیدی ، امین الحق اور دیگر اراکین پارلیمنٹ شرکت کرینگے۔

گرین لائن بسوں میں دوسو سے ڈھائی سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ بزرگوں اور معذور افراد کیلئے الگ کمپارٹمنٹ مختص کیے جائیں گے۔

پہلے فیز میں یہ بسیں سرجانی سے نمائش تک چلائی جائیں گی۔ گرین لائن منصوبہ فروری 2016 میں شروع کیا گیا تھا جسے ایک سال کے عرصے میں مکمل ہونا تھا۔