Friday, April 19, 2024

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخی سازش ہے، شیخ رشید

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخی سازش ہے، شیخ رشید
September 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کہتے ہیں، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ منسوخی سازش ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا دستانے پہنے ہاتھوں نے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرایا، جس کی بھی سازش ہے اس کا نام لینا مناسب نہیں۔ وزارت داخلہ کی کوئی ناکامی نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ نے چار مہینے سے سکیورٹی ٹیم بھیجی تھی، نیوزی لینڈ ٹیم کے سکیورٹی انچارج نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ، پاکستان دنیا میں امن کا سب سے بڑا داعی ہے۔ مہمان ٹیم کی سکیورٹی پاک فوج، ایس ایس جی کے پاس تھی، کوئی سکیورٹی تھریٹ بھی نہیں تھا۔ مہمان ٹیم کو آفر کی تھی کہ بغیر تماشائیوں کے میچ کھیلے جاسکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے رابطہ کرکے سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی کا ایشو نہیں لیکن ہمیں خطرہ ہے کہ جب ٹیم باہر نکلے گی تو حملہ ہوسکتا ہے۔ دورے کو ختم کرنا نیوزی لینڈ کی اپنی صوابدید تھی۔

شیخ رشید بولے کہ، ہماری خفیہ ایجنسیوں اور اداروں نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو مطمئن کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔ ہماری خواہش ہے پاکستان میں کرکٹ کھیلی جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 24 سے 48 گھنٹے تک فیصلہ کرے گی، ہم نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کے تمام ترانتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا، افغانستان میں ہم امن کے حامی ہیں، تمام بارڈرز پُرامن ہیں، ہم نے افغانستان سے ساری دنیا کے ممالک کے لوگوں کے انخلا میں مدد کی ہے۔ ہم نہیں چاہتے افغانستان میں بھوک کی فضا بنے، اسی لیے وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے لیے انسانی بنیادوں پر مدد کرنے کی اپیل کی۔