Tuesday, April 16, 2024

نور مقدم قتل کیس، وکیل خواجہ حارث نے ملزم ظاہر جعفر کا بیان پڑھ کر سنا دیا

نور مقدم قتل کیس، وکیل خواجہ حارث نے ملزم ظاہر جعفر کا بیان پڑھ کر سنا دیا
September 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نور مقدم قتل کیس میں ملزموں کے وکیل خواجہ حارث نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملزم ظاہر جعفر کا بیان پڑھ کر سنا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ملزمان کے وکیل خواجہ حارث نے تیسرے روز بھی دلائل رکھے اور عدالت کو بتایا کہ نور مقدم کیس بہت زیادہ پیچیدہ نہیں تھا۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ہماری پولیس کو تفتیش کے دوران کڑیاں ملانا نہیں آتا۔

وکیل درخواست گزار خواجہ حارث نے ظاہر جعفر کا پولیس کے سامنے اعترافی بیان پڑھتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے بیان میں کہا گیا کہ نور مقدم نے شادی سے انکار کیا تو تلخی اور لڑائی ہو گئی۔ نور مقدم نے دھمکی دی کہ پولیس کیس کر کے ذلیل کراؤں گی ۔ اس پر ملزم نے والد کو فون کر کے کہا نور مقدم کو ختم کر کے اس سے جان چھڑا رہا ہوں۔

خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کرتے ہوئے کہا کہ جرم میں اعانت بھی دانستہ اور منصوبہ بندی کے تحت ہوتی ہے۔ اگر والد کو قتل کا علم تھا اور پولیس کو بتانے سے قتل رک سکتا تھا تب بھی یہ اعانت جرم نہیں بلکہ قانون کی الگ دفعات کا اطلاق ہو گا۔

عدالت نے سماعت 21 ستمبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر مدعی مقدمہ کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ دلائل دیں گے۔