Wednesday, April 24, 2024

قومی اسمبلی اجلاس، حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

قومی اسمبلی اجلاس، حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
September 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ سید علی گیلانی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عطا اللہ مینگل کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شام کو اچانک اجلاس بلا لیا جاتا ہے۔ مشترکہ اجلاس کے موقع پر پریس گیلری بند کر دی گئی۔ ہم کورم کی ضرور نشاندہی کرینگے۔ قرارداد پیش کر لیں اس کے بعد ہمیں موقع دیا جائے۔

سعد رفیق بولے نوید قمر کی بات سے مکمل اتفاق ہے۔ علی گیلانی ہم سب کے ہیرو ہیں۔ ان کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے۔

ایوان نے حریت رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے متفقہ قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں تھے۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اقدامات اٹھائے۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔