Wednesday, April 17, 2024

پاکستان بلاکس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، دفتر خارجہ

پاکستان بلاکس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، دفتر خارجہ
September 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کہتے ہیں، پاکستان بلاکس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، چین اور روس کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا، پاکستان اپنے فیصلے خود اور آزاد انداز میں کرتا ہے، کسی کا دباؤ قابل قبول نہیں۔ پاکستان کے یورپین یونین اور دیگر کے ساتھ تعلقات بھی کلیدی ہیں۔ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ سیاسی، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، عوامی روابط بڑھانا چاہتا ہے۔ افعانستان کو آئندہ ہمسایہ ممالک کے اجلاس میں شامل کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ افعانستان کے ساتھ ماضی کی حکومت کے ساتھ موجود معاہدات ہی آگے چلیں گے۔

عاصم افتخار نے کہا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے حالیہ بیان پاک، امریکا تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ پاکستان افغان امن عمل، طالبان امریکا معاہدے، شہریوں کے انخلاء میں مدد کی۔ امریکا سمیت پوری دنیا نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کیا۔ امریکی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان نے انتہائی پیچیدہ صورتحال میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان نے القاعدہ کے خاتمے، افغانستان کے پرامن حل پر حقیقی کردار ادا کیا۔ پاکستان، افغانستان میں تمام فریقین پر مشتمل جامع حکومت کے قیام کے لیے آج بھی کوشاں ہے۔

اُن کا کہنا تھا بھارت میں ایٹمی مواد کا غیرقانونی کاروبار پاکستان ہی نہیں پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھائے گا، بھارت کو افغانستان نہیں جو کچھ کشمیر میں کیا اس سے خوف ہونا چاہیے۔

بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی وحشیانہ خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت سوز بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔