Thursday, April 18, 2024

پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سے باخبر ہے ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو

پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سے باخبر ہے ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو
September 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال سے باخبر اور پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہے۔

پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ایئربیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا ۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا ءاور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا۔

مرکزی تقریب کا اہتمام ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا پاک فضائیہ خطے میں پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہے ۔ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کراتے ہیں۔

ائیر چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔