Saturday, April 20, 2024

افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور داستان گو اشفاق احمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 17 برس بیت گئے

افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور داستان گو اشفاق احمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 17 برس بیت گئے
September 7, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) صدی کے معروف ادیب، افسانہ نگار، ڈرامہ نویس اور داستان گو اشفاق احمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 17 برس بیت گئے۔

اردو ادب کی تاریخ اشفاق احمد کا تذکرہ کئے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔

افسانہ ، ڈرامہ اور نثر نگار اشفاق احمد فیروز پور میں پیدا ہوئے۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے کیا۔

 اٹلی کی روم یونیورسٹی اور گرے نوبلے یونیورسٹی فرانس سے اطالوی اور فرانسیسی زبان میں ڈپلومے کئے۔ نیویارک یونیورسٹی سے براڈکاسٹنگ کی خصوصی تربیت حاصل کی۔

اشفاق احمد قیام پاکستان کے فوراً بعد ادبی افق پر نمایاں ہوئے اور انیس سو ترپن میں ان کا افسانہ گڈریا ان کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔

انیس سو پینسٹھ سے انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور پر ہفتہ وار فیچر پروگرام تلقین شاہ کے نام سے شروع کیا جو تیس سال سے زائد عرصہ آن ائیر ہوا۔

اشفاق احمد نے معاشرتی اور رومانی موضوعات پر ایک محبت سو افسانے کے نام سے ایک ڈرامہ سیریز لکھی ۔ ان کی سیریز توتا کہانی اور من چلے کا سودا عوام میں بہت مقبول ہوئی ۔

صحافی اور دانشور اشفاق احمد کو فقر اور فقیری سے عشق تھا۔ اردو ادب کے قاری ہمیشہ اشفاق احمد کی تحریروں سے استفادہ کرتے رہیں گے۔