Wednesday, April 24, 2024

عمران خان نے عوام کے ووٹ اور جیب پر ڈاکا ڈالا ، حساب لیں گے ، بلاول بھٹو

عمران خان نے عوام کے ووٹ اور جیب پر ڈاکا ڈالا ، حساب لیں گے ، بلاول بھٹو
September 5, 2021 ویب ڈیسک

ڈیرہ غازی خان (92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا عمران خان نے عوام کے ووٹ اور جیب پر ڈاکا ڈالا ، حساب لیں گے۔

بلاول بھٹو نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب میں کہا آج ہم ڈیرہ غازی خان کے عوام کے درمیان کھڑے ہیں۔ اس علاقے کے عوام کا پیپلزپارٹی کے ساتھ تین نسلوں کا رشتہ ہے۔ اس خطے کے لوگوں نے ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیربھٹو کا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی تھی۔ آج میں آپ کے پاس دوبارہ وہی رشتہ اور تعلق جوڑنے کے لیے آیا ہوں۔ ہم مل کر پاکستان کی قسمت بدلیں گے۔ عوام تکلیف میں ہیں، ہر شہری پریشان ہے۔ تاریخی سطح پرغربت، مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ قائدعوام کے دور میں کسانوں کو زمین کا مالک بنا دیا گیا تھا۔ قائدعوام کے دور میں روزگار ملتا تھا۔ کسان کو فصل کی قیمت بھی ملتی تھی۔ آصف زرداری کے دور میں غریب خواتین کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا۔ آصف زرداری کے دور میں روزگار کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ آصف زرداری کے دور میں گندم کی ایکسپورٹ ہو رہی تھی۔

 بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت جانے کے بعد اس خطے کے عوام لاوارث ہیں۔ پاکستان کو بچانے کے لیے ہم آپ کے پاس آچکے ہیں۔ عمران خان نے آپ کے ووٹ اور جیب پر ڈاکا ڈالا ہے۔ آپ عوامی جماعت پیپلزپارٹی کا ساتھ دو ، ہم اسے معاف نہیں کریں گے، اس سے حساب لیں گے۔ اس سلیکٹڈ حکومت نے 20 ہزار خاندانوں کو بیروزگار کر دیا۔ یہ کس قسم کی تبدیلی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جن کے پاس پہلے سے روزگار تھا ان سے بھی چھین لیا۔ خان صاحب نے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ ڈیرہ غازی خان کے عوام بتائیں کتنے گھر بنے ہیں۔

بلاول بھٹو بولے یہ تو تجاوزات کے نام پر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہے ہیں۔ قائدعوام کا منشور روٹی کپڑا اور مکان تھا۔ عمران خان روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہا ہے۔ پنجاب کے جیالوں کے لیے میرا پیغام ہے۔ جاگو میرے جیالو جاگو، پاکستان جل رہا ہے۔ اگر کوئی بچا سکتا ہے تو وہ آپ ہو۔ جنہوں نے آمرضیاء اور مشرف کا مقابلہ کیا وہ سلیکٹڈ کو بھگائیں گے۔ پیپلزپارٹی اگلے الیکشن میں پورے ملک میں حکومت بنائے گی۔ آنے والی حکومت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔ اگلا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالا ہو گا۔ ہم نے اپنے دور میں دوتہائی اکثریت سے وسیب کے لیے قانون سازی کی تھی۔ آپ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، اگر ہم نے 18 ویں ترمیم دی، 73ء کا آئین دیا تو وسیب بھی بنا کر رہوں گا۔