Friday, April 26, 2024

کراچی میں مسلسل دوسرے روز بارش، سیوریج وبرسانی نالے اوور فلو، سڑکیں دھنس گئیں

کراچی میں مسلسل دوسرے روز بارش، سیوریج وبرسانی نالے اوور فلو، سڑکیں دھنس گئیں
September 4, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں ابر کرم برسے خوب برسے مگر شہریوں کے لئے برسات کا موسم مشکلات اور پریشانیاں بڑھا گیا، کہیں سڑکیں دھنس گئیں تو کچھ علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے نے مسائل پیدا کیے۔ کراچی والوں کے لئے سہانا موسم خوف وپریشانی میں گزر رہا ہے۔

گہرے سیاہ بادل، ٹھنڈی ہوائیں، کراچی میں دوسرے روز بارش کی کہیں چند بوندیں گریں تو کچھ علاقوں میں خوب جم کر مینا برسا۔

برسات کا سہانا موسم کراچی والوں کے لئے ہمیشہ نئی مشکلات لاتا ہے۔ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، بارش سے پڑنے والے گڑھے، سیوریج وبرسانی نالوں کا اوور فلو ہونا اور شاہراہوں پر کچرہ اور پانی جمع ہونا کراچی کا تو جیسے مقدر بن چکے ہیں۔

ہفتے کے روز بھی کراچی کا اوسم موسم تھا، بھیگتے موسم سے لطف اندوز ہونے کی کراچی والوں کی خواہش کچھ پوری ہوئی اور زیادہ تر مسائل میں گھرے رہے۔

ساحل سمندر پر تفریح کے لئے آئے شہریوں نے خوب موسم کا لطف اٹھایا مگر ساحل تک آنے والوں کو ڈی ایچ اے کی تالاب بنی شاہراہوں کو عبور کرکے آنا پڑا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مشینری اور عملہ تندہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے اور شکایات کا ازالہ کررہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے گلشن حدید میں ساٹھ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قائد آباد، سعدی ٹائون، سرجانی اور نارتھ کراچی میں 8 سے گیارہ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔