Sunday, October 17, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

افغانستان میں نئی حکومت کا اعلان موخر

افغانستان میں نئی حکومت کا اعلان موخر
September 4, 2021 --- ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان میں طالبان کو فتح کے بعد حکومت تشکیل دینے کا چیلنچ درپیش ہے۔ طالبان کی جانب سے نئی حکومت کا اعلان نماز جمعہ کے بعد متوقع تھا جسے موخر کر دیا گیا۔

افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر عالمی طاقتیں نظریں لگائی بیٹھی ہیں۔ طالبان کیسی حکومت تشکیل دیتے ہیں ، نیا نظام کیسا ہو گا۔ طالبان کی جانب سے گزشتہ روز جمعہ کی نماز کے بعد حکومت سازی کا اعلان کیا جانا تھا لیکن پنجشیر وادی میں جاری لڑائی اور دیگر معاملات کی وجہ سے یہ اعلان موخر کر دیا گیا۔

عالمی سطح پر سفارت کاری میں تیزی آچکی ہے۔ قطر میں طالبان کا سیاسی دفتر عالمی سفارتی کاری کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ طالبان کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ مولوی شیر محمد عباس ستانکیزئی کی قیادت میں وفد نے دوحہ میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔ پاکستانی سفیر سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال، پاک افغان تعلقات اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ادھر طالبان سے بات چیت کے لیے قطری وزارت خارجہ کے سنیئر اہلکار ڈاکٹر مطلق بن مجید القحطانی  کابل پہنچے ہیں۔ قطری سفارتکار افغان حکومت کے قیام اور کابل ایئرپورٹ کی بحالی پر بات چیت کیلئے کابل پہنچے ہیں۔ ڈاکٹر مطلق بن مجید القحطانی کا کہنا تھا کہ بطور ایک غیر جانبدار ثالث، قطر نے تمام فریقین سے رابطے کیے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن بھی کل قطر پہنچ رہے ہیں جو انخلا کے بعد طالبان قیادت سے ملاقات کریں گے اور امریکا اور افغانستان کے مستقبل کے تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

طالبان ذرائع نے پنج شیر پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔ طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی پنج شیر کے تمام 34 اضلاع پر ہمارا کنٹرول ہے۔

دوسری جانب سابق افغان نائب صدر امر اللّٰہ صالح کے تاجکستان فرار ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ سابق افغان نائب صدر امر اللّٰہ صالح نے ملک چھوڑ کر جانے کی تردید کی ہے۔

مزاحمتی اتحاد نے پنج شیر میں طالبان کی فتح کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ قومی مزاحمتی فرنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے جنگجوؤں کو طالبان پر سبقت حاصل ہے۔

تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لیے فوری اطلاع کی اجازت دیں

آپ کسی بھی وقت دائیں طرف نیچے بیل آئیکن پر صرف ایک کلک کے ذریعے آسانی سے سبسکرائب کر سکتے ہیں۔