Friday, April 26, 2024

منی لانڈرنگ کیسز ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع

منی لانڈرنگ کیسز ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع
September 4, 2021 ویب ڈیسک

لاہو (92 نیوز) منی لانڈرنگ سے متعلق کیسز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 25 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

بینکنگ کورٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔

دوران سماعت شہباز شریف کا کہنا تھا ان کیخلاف یہ کیس نہیں بنتا کیوں کہ وہ رمضان شوگر مل کے نہ تو حصہ دار ہیں اور نہ ہی ڈائریکٹر۔ عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ اس کیس کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں؟؟ اگر دو ماہ میں چار لائینیں لکھ کر لائینگے تو تفتیش کیسے مکمل ہو گی؟؟؟ عملی کام کرنا پڑے گا زبانی باتوں سے کچھ نہیں ہو گا۔

حمزہ شہباز نے عدالت کو بتایا کہ جیل میں بھی ان سے اس معاملے کی تحقیقات ہوئیں۔ جو سوالات ان سے پوچھے گئے ان تمام کے جوابات دئیے۔ اس وقت ایف آئی اے نے یہ نہیں کہا کہ گرفتاری کی ضرورت ہے۔ اب کیوں گرفتاری کی ضرورت پیش آ گئی ہے؟؟

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز دونوں جیل کاٹ آئے ہیں۔ اس دوران ایف آئی اے کو کیوں یاد نہیں آیا کہ انکی گرفتاری مقصود ہے۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں  پچیس ستمبر تک توسیع  کرتے ہوئے ایف آئی اے سے  تفتیش میں پیش رفت کی رپورٹ طلب کر لی۔