Thursday, April 25, 2024

آرمی چیف سے سردار عبد القیوم نیازی کی ملاقات ، بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال

آرمی چیف سے سردار عبد القیوم نیازی کی ملاقات ، بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال
September 4, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی یکطرفہ غیرقانونی اقدامات پر گفتگو کی گئی ۔ لائن آف کنٹرول کی صورتحال بھی زیر غور آئی ۔ اس موقع پر سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے مرحوم سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے تاریخی اور بے لوث جدوجہد کی۔ پاک فوج کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سردار عبدالقیوم نیازی کو یقینی دہانی کرائی کہ پاک فوج کشمیر کاز کے ساتھ پرعزم کھڑی ہے ۔ آرمی چیف نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کشمیر میں خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سردار عبد القیوم نے آزاد جموں و کشمیر کی سیکیورٹی، ترقی کے لیے پاک فوج کی خدمات کو سراہا۔