Thursday, April 25, 2024

مجاہد کشمیر علی گیلانی کے انتقال کے دوسرے روز بھی بھارتی فوج خوفزدہ، پوری وادی جیل میں تبدیل

مجاہد کشمیر علی گیلانی کے انتقال کے دوسرے روز بھی بھارتی فوج خوفزدہ، پوری وادی جیل میں تبدیل
September 3, 2021 ویب ڈیسک

سری نگر (92 نیوز) مجاہد کشمیر کے انتقال کے دوسرے روز بھی بھارتی فوج خوفزدہ ہے، مقبوضہ وادی میں مکمل کرفیو، دکانیں، کاروبار آمد و رفت، انٹرنیٹ سب کچھ بند ہے۔

قابض بھارتی فوج پر کشمیریوں کا خوف بدستور برقرار ہے۔ سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد پوری وادی جیل میں بدل دی گئی۔ چپے چپے پر پہرے، ناکے اور گشت بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کی منظر کشتی کرتے رہے۔

کشمیریوں نے نماز جمعہ کے بعد علی گیلانی کی رہائش گاہ جانب مارچ کا اعلان کیا، لیکن بھارتی فوج نے طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو روک دیا۔۔۔
مقبوضہ وادی میں مکمل کرفیو، دکانیں، کاروبار آمد و رفت، انٹرنیٹ سروسز سب کچھ بند ہے۔

حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کو جبری سپرد خاک کرنے کیلئے 5 روزہ احتجاج کا اعلان کردیا۔ وادی کے مختلف علاقوں اور لداخ میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

او آئی سی نے سید علی گیلانی کی وفات پر غیرانسانی سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان میں بھی مختلف شہروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد اسلام میں ہوا، جہاں صدر مملکت عارف علوی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

اسلام آباد کی مسجد فرقان میں بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی امامت میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی میت چھیننے پر بھارتی حکومت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔