Wednesday, April 24, 2024

کورونا کا پھیلاؤ، اسکول، اندرون شہر ٹرانسپورٹ، ان ڈورجم 12 ستمبر تک بند

کورونا کا پھیلاؤ، اسکول، اندرون شہر ٹرانسپورٹ، ان ڈورجم 12 ستمبر تک بند
September 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس کے حملے تیز، این سی اوسی نے اہم فیصلے کرلیے۔ اسکول، اندرون شہر ٹرانسپورٹ، ان ڈورجم 12 ستمبر تک بند رہیں گے۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پابندی ہوگی۔ نجی اسکولز نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔

این سی او سی کے مطابق بیماری کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے، منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک اضافی این پی آئیز نافذ رہیں گی۔ ان ڈور اور آؤٹ  ڈور تمام تقریبات پہ پابندی عائد ہوگی، شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت صرف آؤٹ ڈور اور 300 افراد تک تعداد سے مشروط ہوگی۔ 

این سی او سی حکام نے موجودہ صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے منتخب اضلاع کیلئے این پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کورونا بڑھنے پر انتہائی نگہداشت کی سہولیات پر دباؤ کی روشنی میں پابندیاں بڑھائی جارہی ہیں۔

اضافی این پی آئیز کا نفاذ پنجاب میں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، راولپنڈی، بھکر ، گجرات، ملتان اور بہاولپور میں ہو گا۔

کے پی میں ہری پور ، مالاکنڈ ، مانسہرہ ، صوابی ، ڈی آئی خان ، سوات ، ایبٹ آباد ، پشاور کے اضلاع شامل ہیں۔

اسکولز میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پنجاب بھر میں تمام تعلیمی ادارے 6 ستمبر سے 11 ستمبر تک کیلئے بند کردیئے گئے۔

11 ہائی رسک اضلاع میں ملازمین کی حاضری بھی 50 فیصد تک محدود کر دی گئی۔

اسلام آباد کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کی گیارہ ستمبر تک بندش کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے فیصلہ غیرمنصفانہ اور تعلیم دشمن قرار دیتے ہوئے اسکولز کھلے رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ادھر کے پی کے نو اضلاع میں سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی حاضری 50 فیصد کردی گئی۔

ملک میں کورونا سے مزید 57 اموات ہوئیں، جبکہ تین ہزار سات سو ستاسی نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا وائرس کی ایک اور نئی قسم میو سٹرین سامنے آگئی۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مانیٹرنگ شروع کردی گئی۔ نئی قسم کے کیسز برطانیہ، یورپ، امریکا اور ہانگ کانگ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔