Friday, April 26, 2024

سمندری طوفان آئیڈا کی امریکا کی 6 ریاستوں میں تباہی ، ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی

سمندری طوفان آئیڈا کی امریکا کی 6 ریاستوں میں تباہی ، ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی
September 3, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) سمندری طوفان آئیڈا نے امریکا کی 6 ریاستوں میں تباہی مچا دی۔ ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی۔

خبرایجنسی کے مطابق ہر طرف پانی ہی پانی ، تیز ہواؤں نے بجلی کا نظام درہم برہم کر دیا۔ طوفان آئیڈا امریکا کے مرکزی علاقوں تک آنے والا تاریخ کا پانچواں شدید ترین سمندری طوفان ہے۔

طوفان آئیڈا کی وجہ سے جنوبی ریاست لویزیانا میں شدید تباہی دیکھی گئی اور ہزاروں مکانات سمیت انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ۔ کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔

طوفان نے نیو یارک شہر میں غیر متوقع فلیش فلڈ ایمرجنسی کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ سڑکوں کو دریاؤں میں تبدیل کر دیا اور سب وے سروسز بند کر دی گئی ہیں۔

لا گوارڈیا اور جے ایف کے ہوائی اڈوں کے ساتھ ساتھ نیویارک میں بھی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ٹرمینل  بارش کے پانی میں  ڈوب چکے ہیں۔

سیلاب نے مین ہیٹن ، دی برونکس اور کوئینز کی بڑی سڑکیں بند کر دیں ۔ کاروں کو ڈبو دیا اور اس کے نتیجے میں فائر ڈیپارٹمنٹ کو سینکڑوں لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کرنا پڑا۔ سمندری طوفان  نے لوزیانا میں داخل ہونے کے بعد شمال میں تباہی کا آغاز کیا جس کے بعد شدید سیلاب اور بگولے آئے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے سائیکلون زیادہ طاقتور ہو رہے ہیں اور زیادہ پانی لے جا رہے ہیں جو دنیا کی ساحلی آبادیوں کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔