Saturday, April 20, 2024

نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمٰن خان کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع

نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمٰن خان کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع
September 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمٰن خان کی عبوری ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔

سپریم کورٹ میں نجی کمپنی کے مالک سیف الرحمان خان ضمانت کیس کی سماعت ہوئی ۔ قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نیب ملازمین نے احاطہ عدالت میں جو کیا اسکی کسی عدالت میں اجازت نہیں ۔ نیب کی معافی قبول نہیں ۔ نیب ملازمین کے کنڈکٹ پر حکم جاری کرینگے ۔

پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حدود میں جو ہوا اس پر غیر مشروط معافی مانگتے ہیں ۔ چئیرمین نیب نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں ۔

ڈی جی نیب عرفان منگی نے کہا کہ ملزم سیف الرحمان گزشتہ 5 روز سے بااثر شخص کے گھر چھپا رہا۔ ملزم نے 116 ارب کا فراڈ کیا۔ سیف الرحمان کی ملائشیا میں موجود اہلیہ فراڈ کی ماسٹر مائنڈ ہے۔ خدشہ ہے ملزم ایران کے راستے فرار نہ ہو جائے۔

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالتی دروازہ پر ظلم ہو گا تو کون عدالت آئے گا۔ نیب کا احاطے سے ملزم گرفتار کرنا عدالتی وقار کیخلاف ہے۔ نیب ازخود اپنے افسران کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرے۔ نیب رپورٹ کی روشنی میں توہین عدالت کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرینگے۔ مکمل حقائق سامنے آنے تک گرفتاری مناسب نہیں۔

سپریم کورٹ نے نیب کو سیف الرحمان کی گرفتاری سے روکتے ہوئے عبوری ضمانت میں دو ہفتے کی توسیع کر دی ۔ عدالت نے ملزم کو 20 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرانے اور نیب کیساتھ تعاون کرنے کا حکم بھی دیا۔