Wednesday, April 24, 2024

بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، وزیراعظم

بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، وزیراعظم
September 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مستحق گھرانوں کیلئے اسکول وظائف کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بدقسمتی سے ہم نے بچیوں کی تعلیم پر توجہ ہی نہیں دی۔ بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ ہر پاکستانی اپنے بچوں کو تعلیم دلوانا چاہتا ہے۔ پڑھے لکھے مرد کے مقابلے میں پڑھی لکھی خاتون معاشرے کو زیادہ فائدہ پہنچاتی ہے۔ ملک میں 2 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ملک کا سب سے بڑا سرمایہ اس کے لوگ ہوتے ہیں۔ ہمیں اپنے بچے اور بچیوں کو بنیادی تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ہاں تعلیم کیلئے مسائل ہیں، بہت سی جگہوں پر اسکول ہی دور ہوتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی شعبے میں شفافیت آئے گی۔ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ غریب گھرانوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کرے۔