Thursday, March 28, 2024

حکومت نے اعلیٰ عدلیہ ججز تعیناتی طریقہ کار پر وکلا سے رائے مانگ لی

حکومت نے اعلیٰ عدلیہ ججز تعیناتی طریقہ کار پر وکلا سے رائے مانگ لی
August 31, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار پر وکلا سے رائے مانگ لی۔ 

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے وائس چیئرمین پاکستان بار اور صدر سپریم کورٹ بار کو خط لکھ دیئے۔ جس میں اٹارنی جنرل نے وکلاء سے اعلیٰ عدلیہ ججز تعیناتی کے طریقہ کار پر رائے مانگی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ، آئین کے تحت صرف سینئر ہونا ہی سپریم کورٹ جج کیلئے کافی نہیں۔

اٹارنی جنرل نے خط میں کہا ہے کہ وہ ہائیکورٹ ججز کیلئے میرٹ کا طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز دینا چاہتے ہیں۔ جائزہ لینا چاہیے کہ جج نے کتنے مقدمات سنے اور کتنوں کے فیصلے کیے۔ سپریم کورٹ میں خاتون جج کی سیٹ مختص کرنے کی بھی تجویز ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی دونوں تجاویز جوڈیشل کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے خط میں کہا ہے کہ، اس حوالے سے وکلاء تنظیمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں۔