Wednesday, April 24, 2024

مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر امن و استحکام ایک فریب رہے گا ، آرمی چیف

مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر امن و استحکام ایک فریب رہے گا ، آرمی چیف
August 31, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے بغیر امن و استحکام ایک فریب رہے گا۔

دنیا جان لے مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل کئے بغیر امن ایک فریب رہے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پوری دنیا پر واضح کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان کی تمام سرحدیں محفوظ ہیں۔ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ خطے کی پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی بحالی ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قائمہ کمیٹی دفاع اور امور کشمیر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ پارلیمانی وفد کو سرحدی اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کی امن و استحکام کے لیے جاری کاوشیں بھی بریفنگ کا حصہ تھیں۔ پارلیمانی وفد کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ طویل نشست ہوئی۔ آرمی چیف نے علاقائی ربط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کشمیر کاز اور کشمیری عوام کے لیے پاک فوج کی حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا بروقت اقدامات، تمام چیلنجز کے باوجود آج الحمدللہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ پاک فوج نے قوم کے تعاون سے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کیں۔ قوم کی حمایت سے ملک میں حالات معمول پر لانے میں بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان نے مغربی علاقے میں سرحدی انتظام پر بروقت اقدامات اٹھائے۔

سیشن کے اختتام پر مجموعی قومی نکتہ نظر کے تحت انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔