Friday, April 26, 2024

کابل ایئرپورٹ پر متعدد راکٹ فائر، ایک بچہ ہلاک

کابل ایئرپورٹ پر متعدد راکٹ فائر، ایک بچہ ہلاک
August 30, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) کابل ایئرپورٹ پر متعدد راکٹ فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک ہوگیا۔  

غیرملکی میڈیا کے مطابق ہوائی اڈے کی جانب پانچ راکٹ داغے گئے ہیں، پولیس کے مطابق ایک بچہ حملے میں ہلاک ہو گیا، حملے میں کوئی امریکی باشندہ ہلاک نہیں ہوا۔ حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک دھواں اٹھ رہا ہے۔ کابل میں گزشتہ چند روز میں یہ تیسرا حملہ ہے۔

ائیرپورٹ کے ایک حصے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد طالبان نے کئی طیارے اور ہیلی کاپٹرز قبضے میں لے لیے، ائیرپورٹ کے مکمل کنٹرول کے بعد مزید فوجی سازوسامان ہاتھ لگنے کا بھی امکان ہے۔

طالبان نے 100 ممالک کو 31 اگست کے بعد بھی انخلا کی یقین دہانی کرا دی، غیرملکیوں اور سفری دستاویزات رکھنے والے افغانوں کو ملک سے جانے کی اجازت ہوگی، 100 ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان بھی جاری کردیا گیا۔

افغانستان کے معاملے پر اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا، فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ فرانس اور برطانیہ کی جانب سے کابل میں اقوام متحدہ کے تحت سیف زون بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی تاکہ وہ افراد جو افغانستان سے نکلنا چاہیں باآسانی باہر جاسکیں۔

اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق روپرٹ کولویل نے بین الاقوامی برادری سے افغانستان کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کردیا،،، ان کاکہنا ہے بہت ضروری ہے کہ ’بیرونی دنیا‘ افغانستان میں انسانی ہمدردی کی کوششیں کے لیے حمایت جاری رکھے۔یہاں انسانی حقوق کی صورتحال کافی سنگین ہے اور مزید خراب ہوسکتی ہے۔

ادھر افغانستان میں اعلیٰ تعلیم کی وزارت کے نئے سربراہ عبدالباقی حقانی کا کہنا ہے کہ تدریس اور نصاب اسلامی اقدار کے مطابق ہوگا،،،مستقبل کے نظام میں لڑکیوں کو تعلیم کا حق ہوگا لیکن وہ لڑکوں کےساتھ ایک ہی کلاس روم میں تعلیم حاصل نہیں کرسکیں گی۔