Friday, April 26, 2024

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش، حبس کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش، حبس کا زور ٹوٹ گیا
August 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوزز) مون سون کے رنگ شہر شہر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی گھٹائیں کھل کر برسیں۔ بارش کے بعد حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی، امدادی ادارے الرٹ ہوگئے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔

ایک اور بھیگتی صبح، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل پھر برس پڑے۔ اسلام آباد میں اس وقت بھی بادل چھائےہوئے ہیں۔ صبح کے وقت موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ شہر کا موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ قدرتی نظارے دل کو لبھارہے ہیں۔ بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

راولپنڈی میں مجموعی طور پر 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 10 فٹ ہے، واسا اور امدادی ادارے فیلڈ میں موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔