Thursday, April 25, 2024

کابل ایئرپورٹ پر ایک اور حملے کا خطرہ ہے، جو بائیڈن

کابل ایئرپورٹ پر ایک اور حملے کا خطرہ ہے، جو بائیڈن
August 29, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ایک اور حملے کا خطرہ ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ حملے کا خدشہ امریکی ملٹری کمانڈرز نے بریفنگ میں ظاہر کیا ہے، حملہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں کابل ایئرپورٹ پر ہونے کا خطرہ ہے۔

افغانستان میں زمینی صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے، داعش خراسان کو ڈرون کا نشانہ بنایا گیا، یہ آخری حملہ نہیں ہے، جبکہ خبرایجنسی کے مطابق کابل میں امریکی سفارت خانے کا سکیورٹی الرٹ جاری ہوا ہے، جس میں حملے کے خدشے پر امریکی شہریوں کو علاقہ چھوڑ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب امریکانے انخلا کا عمل تیز کردیا، کابل ایئر پورٹ پر موجود ایک ہزار سے زائد شہریوں کو لے جانے والی آخری پرواز آج روانہ ہو گی۔ پینٹا گون کے میجر جنرل ولیم ٹیلر نے پریس بریفنگ میں کہاکہ مقررہ تاریخ 31  اگست تک انخلا مکمل ہو جائے گا۔

دوسری طرف خبر ایجنسی کے مطابق کابل ایئر پور ٹ پرطالبان نے ناکہ بندی کرلی، طالبان نے ایئر پورٹ کے داخلی راستوں کی سکیورٹی سنبھال لی، طالبان نے افغان شہریوں کا ایئرپور ٹ میں داخلہ بند کر دیا ہے۔