Friday, April 26, 2024

انصاف، انسانیت اور خودداری وزیراعظم کی سب سے بڑی کارکردگی ہے ، فیاض چوہان

انصاف، انسانیت اور خودداری وزیراعظم کی سب سے بڑی کارکردگی ہے ، فیاض چوہان
August 26, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان پنجاب حکومت فیاض چوہان کا کہنا ہے انصاف، انسانیت اور خودداری وزیراعظم کی سب سے بڑی کارکردگی ہے۔

پنجاب حکومت کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے ایوان وزیر اعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیر اعلی کے چھ کیمپس آفسز کو ختم کرکے صرف ایک آفس تک محدود کیا۔ وزیر اعلی آفس کے بجٹ میں سینتالیس فیصد کمی کی۔ تین سال میں کابینہ کے چھیالیس اجلاس کرکے مشاورت سے قومی فیصلے کئے۔ صحت کا بجٹ ایک سو اٹھارہ فیصد بڑھایا گیا۔ کورونا کے خلاف زبردست حکمت عملی سے جنگ لڑی۔ جدید ڈی ایچ کیوز بنانے سمیت بتیس ہزار ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھرتی کیا گیا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ چھیاسی نئے کالج اور ایک سو ساٹھ نئے کالج بنا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو دور کیا۔ کسانوں کو ان کی اجناس کا حقیقی معاوضہ دلوایا۔

فیاض چوہان نے فواد چودھری کی صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کارکردگی کی بھی تعریف کی ۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں اشتہار بازی پر باون ارب روپے خرچ کئے لیکن ہم نے اس طرح کی تشہیر نہیں کی۔ سندھ میں کیوں بار بار وزیر اطلاعات بدلتے ہیں ۔ اربوں روپے کا ان کا بھی بجٹ ہے۔ پنجاب سندھ سے پرفارمنس میں ہر شعبے میں آگے ہے۔ عثمان بزدار نہ مائیک پٹختے ہیں اور نہ ہی ناچ ناچ کر مائیکل جیکسن بنتے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے اورنج ٹرین کو سفید ہاتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سات کروڑ انکم اور ساٹھ کروڑماہانہ خرچ ہے ۔ عمران خان اگلے الیکشن کا نہیں آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کی پرفارمنس مرحلہ وار جاری کی جائے گی۔