Tuesday, April 23, 2024

شاہ محمود قریشی کی تاجک وزارت خارجہ میں ہم منصب سے ملاقات ، افغانستان کی صورتحال پر بات چیت

شاہ محمود قریشی کی تاجک وزارت خارجہ میں ہم منصب سے ملاقات ، افغانستان کی صورتحال پر بات چیت
August 25, 2021 ویب ڈیسک

 دوشنبے (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی تاجک وزارت خارجہ میں ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورے پر تاجکستان پہنچے۔ وزارتِ خارجہ تاجکستان آمد پر تاجک وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے اپنے ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں کی  ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل  دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ بطور صدر، شنگھائی تعاون تنظیم، تاجکستان نے بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ دوشنبے میں متوقع ایس  سی  او سمٹ  میں شرکت کے متمنی ہیں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کے حامی ہیں۔ افغانستان میں امن و استحکام کا فائدہ پورے خطے کو ہو گا۔ اگر خدانخواستہ افغانستان کی صورتحال میں بگاڑ پیدا ہوا تو پورا خطہ اس سے متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا میرے اس دورے کا مقصد افغانستان کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مشاورت کے ساتھ مربوط لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔