Friday, April 26, 2024

سندھ کابینہ کا اجلاس ، وزرا کی واپڈا کے رویے کی شکایت

سندھ کابینہ کا اجلاس ، وزرا کی واپڈا کے رویے کی شکایت
August 24, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزرا نے واپڈا کے رویے کی شکایت کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہواْ۔ کابینہ نے سندھ میں زرعی پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ارسا انڈس سسٹم سے جہلم اور چناب سسٹم میں سی جے ٹی پی لنک کینالوں کر ذریعے پانی دے رہا ہے۔ کابینہ نے مطالبہ کیا کہ سی جے اور ٹی پی لنک کینالوں کو بند کیا جائے۔

وزیر توانائی امتیاز شیخ نے لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بریفنگ دی۔ بتایا کہ بیشتر دیہی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جل جاتے ہیں۔ کئی کئی دن تک وہ ٹرانسفارمرز مرمت نہیں ہوتے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ٹرانسفارمرز کے جلنے کے معاملے پر واپڈا اتھارٹیز کے ساتھ بات کرنے کی ہدایت کی۔ یہ بھی کہا کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے متعلقہ کمپنی کے ساتھ اٹھائے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزرا کو ہدایت دی کہ وہ اپنے محکموں کے ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں۔

سندھ حکومت کےترجمان اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن مردم شماری کے درست نتائج سے مشروط کر دیئے اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو کئی بار بتا چکے ہیں کہ بلدیاتی الیکشن کروانے کو تیار ہیں لیکن درست مردم شماری کے تحت۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ بیورکریسی میں کچھ مسائل ہیں اسی لئے انہوں نے افسران کے تبادلے کئے ہیں۔