Thursday, March 28, 2024

بابا گرونانک دیوجی کی 482 ویں برسی، کرتارپور راہداری بندش کے بھارتی واویلے کا بھانڈہ پھوٹ گیا

بابا گرونانک دیوجی کی 482 ویں برسی، کرتارپور راہداری بندش کے بھارتی واویلے کا بھانڈہ پھوٹ گیا
August 23, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) بابا گرونانک دیوجی کی 482 ویں برسی پر کرتارپور راہداری بند ہونے کے واویلے کا بھانڈہ پھوٹ گیا۔

پاکستان دشمنی میں بھارتی میڈیا ایک بار پھر جھوٹ کے سہارے چل نکلا۔ کرتارپور میں بابا گرونانک دیوجی کی 482 ویں برسی پر راہداری بند ہونے کے واویلے کا بھانڈہ پھوٹ گیا۔ پاکستانی سکھ گوردراہ بندھک کمیٹی نے اعلان کیا کہ کرتارپور راہداری بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے کبھی بند نہیں ہوئی۔

پاکستانی سکھ گوردراہ پربندھک کمیٹی نے کہا ہے کہ 20 اور 22 ستمبر کو ’’جوتی جوت پرب‘‘ کی تقریبات کے موقع پر راہداری کھلی ہے۔ بھارتی سکھ یاتری کورونا ایس اوپیز پر عمل کرتے ہوئے 21 ستمبر کو بھی آسکتے ہیں۔

پربندھک کمیٹی، این سی او سی کا 17 اگست کا خط بھی منظر عام پر لے آئی، جس میں کہا گیا ہے کہ سکھ یاتری مذہبی سیاحت کے لیے پاکستان کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔ بابا گرونانک دیو جی کی برسی اہم سکھ مذہبی تہوار ہے، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں 21 ستمبر کو بھی بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد پر کوئی پابندی نہیں۔ بھارتی سکھ یاتریوں کو بہر حال کورونا ضابطہ کار پر عمل کرنا ہو گا۔

خط میں کہا گیا کہ سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور راہداری، واہگہ سرحد کھلی ہو گی۔ سکھ یاتریوں کو آمد پر مستند "ویکسین سند"، 72 گھنٹے قبل کا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا اور "ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ" لازمی کروانا ہو گا ۔۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں فرد کو وطن واپس جانا ہو گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر، ستمبر کے پہلے ہفتے میں کورونا وبائی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ این سی او سی کا خط وزارت خارجہ، داخلہ اور مذہبی امور، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کو بھیجا گیا ہے۔