Thursday, March 28, 2024

کابل ایئرپورٹ پر پھر فائرنگ اور بھگدڑ، سات افغان ہلاک

کابل ایئرپورٹ پر پھر فائرنگ اور بھگدڑ، سات افغان ہلاک
August 22, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) کابل ایئرپورٹ پر پھر فائرنگ اور بھگدڑ مچ گئی جس میں سات افغان ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

کابل ائیرپورٹ پر اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد جمع ہیں جو ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔ طالبان کے کنٹرول کے بعد سے کابل ائیرپورٹ امریکی افواج کے کنٹرول میں ہے۔ کابل ائیرپورٹ پر 4500 امریکی اور 900 برطانوی فوجی موجود ہیں۔ اس کے باوجود ائیرپورٹ پر صورتحال انتہائی خراب ہے۔

امریکا نے کابل سے شہریوں کے انخلا کیلئے آپریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ امریکی ٹرانسپورٹیشن حکام نے متعدد ایئرلائنز کو الرٹ رہنے کیلئے خط لکھ دیئے ہیں۔ اس سے قبل ملک چھوڑنے کیلئے کچھ افراد طیارے کے پہیوں سے چمٹ گئے تھے تاہم جہاز کے اڑان بھرنے پر زمین پر آگرے۔ چند روز قبل بھی کابل ائیرپورٹ پر امریکی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

نیٹو عہدیدار کا کہنا ہے کابل پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ اور ارد گرد کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہماری توجہ تمام غیر ملکیوں کو جلد از جلد ملک سے باہر نکالنے پر مرکوز ہے۔