Thursday, April 25, 2024

عافیہ صدیقی پر دوران قید تشدد کا معاملہ پاکستانی سفارتخانے نے امریکی حکام سے اٹھایا، دفتر خارجہ

عافیہ صدیقی پر دوران قید تشدد کا معاملہ پاکستانی سفارتخانے نے امریکی حکام سے اٹھایا، دفتر خارجہ
August 21, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے، امریکا میں دوران قید عافیہ صدیقی پر تشدد کا پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ جنرل نے معاملہ امریکی حکام سے اٹھایا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ردعمل میں کہا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر ساتھی قیدی کے تشدد کے بارے میں پتا چلا، تشدد کا واقعہ فیڈرل میڈیکل سینٹر، کارسویل میں 30 جولائی کو پیش آیا۔ پاکستانی قونصل جنرل خیریت جاننے کیلئے ڈاکٹر عافیہ کے پاس گئے۔

اُنہوں نے کہا، عافیہ صدیقی کو معمولی زخم آئے تاہم وہ بخیروعافیت ہیں۔ پاکستان نے امریکی حکام سے باضابطہ شکایت کی اورمعاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے مطابق امریکی حکام پر زور دیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو تحفظ فراہم اور مکمل خیال رکھا جائے۔ قونصلیٹ جنرل ہیوسٹن ڈاکٹر عافیہ معاملے پر متحرک ہیں۔