Tuesday, April 16, 2024

دشمن ہائبرڈ وار کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

دشمن ہائبرڈ وار کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
August 20, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دشمن ہائبرڈ وار کے ذریعے ریاست کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

پی ایم اے کاکول میں فورتھ پاکستان بٹالین کو بٹالین پرچم عطاء کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے، سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں، دُنیا کی کوئی طاقت متحد قوم کو گزند نہیں پہنچا سکتی۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں کا بھرپور دِفاع کیا، مستقبل کی جنگ میں غیر روایتی اندازِ جنگ کا اہم کردار ہو گا، روایتی جنگ ہو یا دہشت گردی کے خلاف رسپانس، افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اُتریں گی، افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی، امید افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، آزادی کے اس مہینے میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے، افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، پاکستان قومی اور علاقائی امن اور ترقی کا خواہاں ہے، مسلسل عالمی برادری پر واضح کیا کہ افغانستان کے پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے، توقع ہے طالبان  دنیا سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔