Thursday, April 25, 2024

گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی ، ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی ، ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
August 20, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے واقعے میں ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس اور ایس پی سٹی حسن جہانگیر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے بنائی انکوئری کمیٹی کے رکن ملک یوسف کو تبدیل کر کے ڈی آئی  جی انعام وحید کو مقرر کر دیا گیاہے۔ انکوائری کمیٹی کا سربراہ  راؤ سردار کو مقرر کیا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب نے  واقعہ میں ملوث افسران ڈی آئی جی آپریشنز ، ایس ایس پی آپریشنز کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ متعلقہ ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں واقعہ میں کوتاہی برتنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

پولیس نے 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نادرا کی مدد سے پندرہ ملزمان کی شناخت بھی ہو گئی۔ شناخت کیے جانے والوں میں حذیفہ، عکاس ، شاہ زیب بھی شامل ہیں۔ انچارج انویسٹیگیشن راوی روڈ نے چھاپہ مار کر 18 سالہ خذیفہ کو حراست میں لیا تو اس نے مزید ساتھیوں کا بتایا۔ حذیفہ کوٹ عبدالمالک کا رہائشی اور مدرسہ چلانے والے قاری یوسف کا بیٹا ہے۔

92نیوز کو موصولہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کے جسم پر واضح خراشیں ہیں جبکہ گردن اور دائیں ہاتھ پر سوجن بھی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی عنیزہ فاطمہ  نے بھی خاتون کے ساتھ بدسلوکی کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔

چودہ اگست کے روز گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر کے علاوہ دو مزید خواتین سے بھی متعدد افراد کی دست درازی کی ویڈیوز 92 نیوز کو موصول ہو گئیں۔