Thursday, March 28, 2024

مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا کیس ، ملزم رضوان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا کیس ، ملزم رضوان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم
August 20, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کے کیس میں عدالت نے گرفتار ملزم رضوان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے  کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے پولیس کی ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی۔

ضلع کچہری لاہور میں شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض ملزم محمد رضوان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔

ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے سماعت کی۔ پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کر لی گئی۔ ملزم کا چالان جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ ملزم کے وکیل نے دلائل دیئے کہ دفعات قابل ضمانت ہیں،عدالت ضمانت پر رہائی کا حکم دے۔

ملزم نے شاہی قلعہ میں مجسمے کو ہتھوڑے کی مدد سے توڑا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ مجسمہ اس سے پہلے بھی توڑا گیا تھا جسے مرمت کرکے اردگرد آہنی جنگلے لگائے گئے تھے۔