Saturday, April 20, 2024

بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ، منیر اکرم

بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ، منیر اکرم
August 17, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا افغانستان میں ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کابل میں پھنسے غیرملکیوں کو نکالنے میں تعاون کر رہا ہے۔ پاکستان افغان مسئلے کے پر امن حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور دھڑوں سے رابطے میں ہے۔

افغانستان کی صورت حال پر بلائے گئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں افغان مندوب نے بڑا مطالبہ کر دیا ہے۔ افغان مندوب کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کیلئےعبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ ہے، ہم اسلامی امارت کے قیام کو قبول نہیں کریں گے۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کہا کہ افغانستان میں فریقین سے اپیل ہے کہ وہ تحمل سےکام لیں، خوشی ہے کہ طالبان اقوام متحدہ کے اداروں کیساتھ احترام سے پیش آئیں۔

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں شہریوں کیخلاف حملے بند ہونے چاہئیں۔ امریکیوں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی عمل کا جواب دینگے۔

برطانوی مندوب کا کہنا تھا کہ جو کچھ افغانستان میں ہو رہا ہے وہ بہت بڑا المیہ ہے۔ طالبان اقلیتوں کے تحفظ کیلئے ذمہ داریاں پوری کریں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس کابل پر طالبان کے کنٹرول کے چوبیس گھنٹوں بعد ہوا۔ اجلاس ناروے اور ایسٹونیا کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔