Friday, April 26, 2024

پاکستان افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کیلئے پرعزم ہے، قومی سلامتی کمیٹی

پاکستان افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کیلئے پرعزم ہے، قومی سلامتی کمیٹی
August 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں افغانستان کی تازہ صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم اور شرکا کو حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی، وزیر داخلہ شیخ رشید کے مطابق اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور کمیٹی کے رکن وزرا شریک ہوئے، افغانستان سے متعلق اہم فیصلے کر لیے گئے۔

این ایس سی اعلامیہ کے مطابق پاکستان افغانستان میں سیاسی استحکام کا خواہاں ہے، تمام فریق قانون کا احترام کنے کے ساتھ ساتھ افغان عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان اپنے ہمسائے ملک سے امن چاہتا ہے، پاکستان کئی دہائیوں سے افغانستان میں جاری تنازعات سے متاثر رہا ہے۔ پاکستان افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کے لئے پرعزم ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ کے مطابق پاکستان افغانستان میں عدم مداخلت کے اصول پر سختی سے کاربند رہے گا، پاکستان اپنی ہمسائیگی میں امن و استحکام چاہتا ہے۔

اجلاس کے شرکاء کے مطابق امریکا اور نیٹو کی موجودگی میں افغان مسئلے کا بہترین حل نکالا جا سکتا تھا، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور کام جاری رکھے گا۔ افغان مسئلے کا کبھی بھی کوئی فوجی حل نہیں تھا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے افغان سرزمین کوئی دہشت گرد گروپ استعمال نہیں کرے گا۔

اجلاس میں خطے کی ممجوعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، کہا گیا کہ، عالمی برادری کو چار دہائیوں سے دی جانے والی قربانیوں کا بھی اعتراف کرنا چاہیئے۔