Wednesday, April 24, 2024

منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع

منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع
August 16, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں چار ستمبر تک توسیع کردی گئی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہبازشریف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں احتساب عدالت میں بھی پیش ہوئے، سماعت سولہ ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ جرائم کورٹ میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی پیشی ہوئی، شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے عدالت میں حاضری مکمل کرائی۔

شہبازشریف کے وکلا نے استدعاکی کہ امجد پرویزموجود نہیں اس لیے سماعت ملتوی کر دی جائے اور آگے قومی اسمبلی میں اہم سیشن بھی ہونے والا ہے، لمبی تاریخ ڈال دی جائے تو بہتر ہے۔

عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں چار ستمبر تک توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے رپورٹ طلب کر لی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کی انتہاء ہے کہ ایک ہی نوعیت کے دو کیسز علیحدہ علیحدہ عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ،وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ ان کیسز پر اثر انداز ہوا جائے۔

ادھر رمضان شوگر مل، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں لیگی رہنما شہبازشریف احتساب عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے موقع پراحاطہ عدالت کے اندراورباہرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔