Friday, April 19, 2024

افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کیلئے وزارت خارجہ کو درخواستیں دی جا سکتی ہیں، دفتر خارجہ

افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کیلئے وزارت خارجہ کو درخواستیں دی جا سکتی ہیں، دفتر خارجہ
August 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے، افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلاء کے لیے وزارت خارجہ کو درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔

افغانستان سے سفارتکاروں، عالمی اداروں کے عملے، میڈیا، شہریوں کو نکالنے کے معاملہ پر ڈپلومیٹک کور کو معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے، غیرملکیوں کے انخلاء سے متعلق درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر پراسیس کیا جائے گا، وزارت داخلہ میں 24 گھنٹے متحرک بین الوزراتی سہولت مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق افغانستان میں پاکستانیوں کے لیے سفارتخانہ قونصلر خدمات فراہم کر رہا ہے، پاکستانی سفارتخانہ، کابل تیز تر بنیادوں پر ویزا اجراء کر رہا ہے۔ پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر آمد پر ویزا اجراء کے انتظامات کر دیے گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بین الوزراتی سہولت مرکز کا کام ویزا، اندرون ملک آمد کے امور میں معاونت کرنا ہے۔ افغانستان سے انخلاء، قونصلر خدمات کے لیے رابطہ نمبرز بھی دے دیئے گئے ہیں۔ پاکستان میں 15 اگست سے کابل سے خصوصی پروازوں کی آمد شروع ہو چکی۔ پاکستان عالمی برادری کو افغانستان سے انخلاء میں ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔