Friday, April 26, 2024

افغانستان میں سفارتی عملے کی سکیورٹی کیلئے تمام اقدامات کئے ہیں، دفتر خارجہ

افغانستان میں سفارتی عملے کی سکیورٹی کیلئے تمام اقدامات کئے ہیں، دفتر خارجہ
August 15, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا نائنٹی ٹونیوز سے گفتگو میں کہنا ہے کہ، افغانستان میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، سفارتی عملے کی سکیورٹی کےلیے تمام اقدامات کئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ، پاکستان کو افغانستان کی صورتحال پر تشویش ہے، سفارتی عملے کی سکیورٹی کے علاوہ وہاں موجود پاکستانیوں کو بھی مدد فراہم کی ہے۔ افغانستان سے واپسی کے خواہشمند افراد کو لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، کابل میں پاکستان کا سفارتخانہ کھلا ہے اور کام بھی کر رہا ہے، افغانستان میں امن کے ساتھ کھڑے ہیں، افغان دھڑوں کو پُرامن طریقے سے مسئلہ حل کرنا چاہئے۔ افغانستان میں کشیدگی سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے۔

زاہد حفیظ بولے کہ، افغانستان کے عوام کے لئے فکر مند ہیں، پاکستان مزید مہاجرین کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا، پاکستان افغان امن عمل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے افغان صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو خصوصی ویزا سہولت دینے کا اعلان کردیا۔